اسلام آباد(سٹاف رپورٹر): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی افواہیں ہیں،ہمیں کوئی پیغام ملا نہ پاکستان تحریک انصافّ(پی ٹی آئی )کو۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پہلے ٹیکنوکریٹ آتے رہے ہیں،اب جو ہو گا آئین کے مطابق ہو گا، ڈھائی سال کیلئے ٹینکوکریٹ حکومت لانے کا کوئی پیغام نہیں دیا گیا،ادارے نے پوری قوم کے ساتھ کمٹمنٹ کی ہے کہ غیر سیاسی رہیں گے،ادارے پر الزام لگانا درست نہیں،اکا دکا افراد ہو سکتے ہیں،ہو سکتا ہے کہ سہولت کاری سے متعلق بلاول کے پاس کوئی معلومات ہوں،اب جو کچھ بھی ہوگا آئین کے مطابق ہوگا،اگر آئین میں ٹیکنوکریٹس کے ڈھائی برس آنے کی جگہ ہے تو آ جائیں لیکن ایسا نہیں ہو سکتا۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ ملک مشکلات کے دہانے پر کھڑا ہے،عمران خان کی شکل میں ایسا پراجیکٹ لایا گیا جس نے ملک کی تباہی کر دی،اس کا اپنا ہی بیانیہ اور یجنڈہ ہے،یہ لوگ ہر روز ایک نئی کہانی گھڑتے ہیں اور اتنے ڈھیٹ اور بے شرم ہیں کہ خود چوری ہیرا پھیری کی گھٹیا حرکتیں کرتے رہے ہیں اور دوسروں کو چور ڈاکو کہتے رہے ہیں،یہ ایسا فتنہ ہے جس کے ہوتے ہوئے سیاست رواداری جمہوریت سمیت کوئی چیز آگے نہیں بڑھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا موقف ہے کہ آئین کے مطابق ملک کو چلنا چاہیے،معاشی حالات پر اسحاق ڈارفکرمند ہیں اورکوشش بھی کر رہے ہیں،موجودہ حالات کا حل الیکشن نہیں میثاق معیشت ہے۔رانا ثنا اللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پرویز الٰہی خود کہتے ہیں کہ 99 فیصد لوگ اسمبلیاں نہیں توڑنا چاہتے ہیں،پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لیں، ان کے پاس 186 کے نمبرز پورے نہیں ہیں۔
اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے اسلام آباد آئی ٹین بم دھماکے میں زخمی پولیس اہلکار محمد حنیف کی عیادت کی،زخمی پولیس اہلکار کو پھولوں کا گلدستہ اور چیک بھی پیش کیا۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پولیس اہلکار کو پیشہ وارانہ ڈیوٹی سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کی حاضر دماغی اور پیشہ وارانہ مہارت نے اسلام آباد کو بڑے حادثے سے بچایا،پوری قوم پیشہ وارانہ خدمت پراسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید عدیل حسین کو تمغہ شجاعت بھی دیا جائے گا،زخمی جوانوں کی مزید کفالت جاری رکھی جائے گی،دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے،بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔
