لاہور(کرائم رپورٹر)مشیراحتساب پنجاب مصدق عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان پرحملے کے ملزم نوید نے وفاق سے مل کر منصوبہ بنایا،لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر فائرنگ کرنے والے نوید اور اس کے ساتھیوں کو پولی گرافک ٹیسٹ کرایا گیا اور ثابت ہوگیا ہے کہ ملزم کے بیان میں سچائی نہیں، اب تک کی تحقیقات میں یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ سوچی سمجھی سازش تھی۔
عمر سرفراز چیمہ اور مشیر وزیر اعلی پنجاب مصدق عباسی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فرانزک میں گارڈز کا اسلحہ کلیئر ہو گیا ہے، پولی گرافی ٹیسٹ میں مشین نے بتایا کہ اس نے پلاننگ کے تحت سب کچھ کیا،پولی گرافی رپورٹ اورمشینوں میں 93 فیصد جواب ٹھیک آتا ہے،عمران خان پر حملے کی تحقیقات میں لیگی رہنما جے آئی ٹی کےسامنے پیش نہ ہوئے،ہمارا مطالبہ ہے کہ جے آئی ٹی سے تعاون کیا جائے،حکومت کی جانب سے عمران خان پر حملے کی مذمت نہیں کی گئی اور مسلم لیگ کے رہنماوں نے عمران خان کو دھمکیاں دی تھیں،اب تک کی تحقیقات میں یہ ثابت ہوا ہے کہ نوید اکیلا حملہ آور نہیں تھا اس میں اور لوگ بھی شامل تھے،یہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی،جو حقائق سامنے آئیں گے عوام کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طاقتور لیڈر پر سازش کے ذریعے حملوں کی تاریخ ہے،ن لیگ کی جانب سے مذہبی جنونی شخص ثابت کیا جارہا تھا،یہ بھی کلیئر ہوگیا،اکیلا حملہ آور نہیں تھا اور بھی لوگ شامل تھے،ملزم کا پہلا بیان پولیس نے جاری کیا،اس بارے میں بھی انکوائری چل رہی ہے،جیسے ہی رپورٹ آئے گی سامنے لائیں گے،انکوائری میں پیش رفت ہوچکی ہے،امید ہے بہت جلد مرکزی کرداروں تک پہنچ جائیں گے ۔
