Hafiz Naeem ur Rehman, Amir of Jamaat-e-Islami Pakistan, has called on the establishment to change its policies towards Balochistan and ensure that the region's people are granted their rightful share of rights

بلوچستان پر جامع قومی پالیسی،امیر جماعت اسلامی نے کمیٹی تشکیل دے دی

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بلوچستان پر جامع قومی پالیسی تشکیل دینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی،کمیٹی کے سربراہ نائب امیر لیاقت بلوچ ہوں گے جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالحق ہاشمی اور امیر جماعت اسلامی بلوچستان ہدایت الرحمن بلوچ کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔کمیٹی بلوچستان کی صورتحال اور مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے گی اور تجاویز کی روشنی میں جامع پالیسی بھی مرتب کرے گی۔حافظ نعیم الرحمن کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل دیں گے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والے واقعات افسوس ناک ہیں،صوبہ کے حالات پرپوری قوم میں تشویش پائی جاتی ہے،جماعت اسلامی موجودہ حالات میں آگے بڑھ کر کردار ادا کرے گی، بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنا ہو گا،صوبہ کے وسائل پر سب سے پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے۔دوسری طرف نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور مِلی یکجہتی کونسل کے رہنماوں نے مشترکہ بیان میں جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین پر دہشت گرد حملہ اور بیگناہ مسافروں کے قتل اور اغواء کی مذمت کی اور دہشت گرد کارروائی کے بعد سکیورٹی جوانوں کی کامیاب کارروائی اور مسافروں کی بازیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ اور دہشت گردوں کی عبرتناک ہلاکت دشمنوں کے لیے پیغام ہے کہ ان کا یہی انجام ہونا تھا تاہم یہ حکومتوں اور تحقیقاتی اداروں کی گردن پر فرض ہے کہ دہشت گرد منصوبہ کیونکر کامیاب ہوا؟اس دہشت گرد منصوبے کا ماسٹر مائنڈ اور اِس کے سہولت کار کون ہیں؟دہشت گردی کے اس واقعے پر بھارتی میڈیا کا واویلہ اور جھوٹے پروپیگنڈہ سے عیاں ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ اور حکمت کار انڈیا ہی ہے،بلوچستان، خیبرپختونخوا میں خصوصاً اور پورے ملک میں عموماً دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں میں موجود کمزوریوں کا ازالہ کیا جائے،پاکستان کی قومی سلامتی کا اہم ترین تقاضا ہے کہ قومی اتفاقِ رائے سے دہشت گردی کے مستقل خاتمہ کے لیے از سرِ نو قومی ایکشن پلان بنایا جائے اور مکمل غیر جانبداری اور قومی فرض کے جذبے کیساتھ عملدرآمد کیا جائے،مِلی یکجہتی کونسل ہر نوعیت کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے تعمیری مثبت قومی کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں