اسلام آباد(بیورو رپورٹ)سالہا سال سے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں رکاوٹ کون ہے؟جماعت اسلامی کے رہنما سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے کھل کر بتا دیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ عمران شفیق ایڈووکیٹ مظلوم عافیہ صدیقی کو انصاف دلوانے کی جدوجہد آگے بڑھا رہے ہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا قید میں 23واں رمضان اور 45ویں عید ہوگی،ہم بار بار کہہ رہے ہیں شہباز حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی میں رکاوٹ ہے،حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے غداری کر رہی ہے اور آج بالکل واضح ہو گیا ہے کہ حکومت نے کیس ختم کرنے کی درخواست دے دی،حکومت نے موقف اپنایا ہے کہ ہم نے ڈاکٹر عافیہ کی بہن کو امریکہ بھیجا،ویزا دلوایا،اب اس کیس کو ختم کردیا جائے،یہ رویہ انتہائی شرمناک ہے،عدالت نے کہا کہ آپ نے شریف اللہ کو ہمت کر کے چند دنوں میں امریکہ کے حوالے کر دیا، 23 سال سے ڈاکٹر عافیہ امریکی قید میں ہے،آپ ایک خط یا فون تک نہیں کر سکتے۔سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت شکاریوں والا کام کرتی ہے،امریکہ جس کو کہتا ہے اس کو پکڑ لیتے ہیں،اس پر حکومت خوشیاں اور شادیانے بجا رہی ہے،اب اس پر کریڈٹ اور میڈل لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں اس عمل کی مذمت کرتا ہوں اور عوام سے کہتا ہوں کہ ڈاکٹر عافیہ کی پشت پر کھڑے ہو جائیں،وکیل عمران شفیق آئندہ سماعت پر حکومت کی درخواست کا جواب دیں گے،ان شا اللہ ڈاکٹر عافیہ رہا ہوں گی،یہ اب ایک بین الاقوامی آواز بن چکی ہے۔
