اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ عوام کو اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی کی سپلائی اور قیمت کے کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے حکام کو چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔اجلاس کو چینی کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے،صوبائی سطح پر چینی کی ارزاں نرخوں پر فروخت کے لیے فئیر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں، چینی کی سمگلنگ مکمل ختم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات لیے جائیں گے اور سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔صوبائی چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی،اس حوالے سے انتظامیہ ضلع کی سطح پر مستعدی سے کام کرے گی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو اشیائے خور و نوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،گزشتہ مہینوں میں حکومت نے چینی کی سمگلنگ پر سخت کارروائی کی جس سے چینی کی سمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی۔وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی خلاف سخت کارروائی کرنے کا کہا۔شہباز شریف نے رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں،رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں موجود تھے۔