اسلام آباد(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)اور جمعیت علماءاسلام (جے یو آئی)کے رہنماوں کے درمیان رات گئے ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی باہر آ گئی،دونوں جماعتوں نے آئینی ترامیم پر مشترکہ مسودہ لانے کا فیصلہ کر لیا،قانونی و آئینی معاملات کو دیکھ کر سلمان اکرم راجہ اور کامران مرتضیٰ مسودہ تیار کریں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں سلمان اکرم راجہ اور صاحبزادہ حامد رضا نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں جے یو آئی(ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے،ملاقات میں آئینی ترامیم کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی جانب سے آئینی ترامیم کا مسودہ تیار کرنے کی تجویز دے دی،قانونی،آئینی معاملات دیکھ کر سلمان اکرم راجہ اور کامران مرتضیٰ مسودہ تیار کریں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپنا مسودہ اور تجاویز ہمارے ہاتھ آ جائیں پھر آگے بڑھا جائے گا،جب ہمارے پاس مسودہ ہو تو پھر ہی کسی سے بات کی جا سکتی ہے،ہماری شوریٰ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ نہیں جانا،آئینی ترمیم مسترد کرو،مجھے معلوم ہے اس میں بہت ساری چیزیں غلط ہو رہی ہیں،پارلیمان کے اندر ووٹ سے کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکیں گے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کسی ایکسٹینشن کو نہیں مانتا،نہ کسی ادارے کے سربراہ کو ایکسٹینشن دینے دیں گے،پارلیمان کے باہر عوامی طاقت سے کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے وکیل رہنما آج(جمعہ کو)دوبارہ اسلام آباد میں ملاقات کریں گے،حکومتی آئینی ترامیم کا مسودہ سامنے آنے پر اپوزیشن اپنی تجاویز بھی سامنے رکھے گی۔