اسلام آباد(بیورو رپورٹ)فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے مسائل ہیں ، پوری امت اہل فلسطین اور کشمیر کے ساتھ ہے ، اسلامی تعاون تنظیم کو مزید مضبوط ہونا چاہیے ، سعودی عرب کی حج اور مسلمانوں کیلئے خدمات قابل فخر اور قابل ستائش ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کا مؤقف فلسطین کے مسئلہ پر ایک اور ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رہے گی ، یہ بات پیغام حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ، کانفرنس کی صدارت چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ، کانفرنس سے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین ، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی ، گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی ، فلسطین کے قائم مقام سفیر ، پیر نقیب الرحمن ، علامہ شبیر حسین میسوی ، مولانا طاہر عقیل ، سعد نذیر ، ثنا ء اللہ خان ، مولانا ذوالفقار ، مولانا طاہر مقصود ، مولانا ابو بکر حمید صابری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حج بیت اللہ اسلام کا ایک فریضہ ہے اور حجاج کرام کیلئے سہولت پیدا کرنے میں آل سعود کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اس سال حجاج کرام کیلئے جو سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے انتظامات کیے گئے وہ قابل ستائش ہیں اور پاکستان کے وزیر مذہبی امور اور وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آرگنائزیشن ہوپ نے ہر ممکن کوشش کی ہے کہ حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت امت مسلمہ کے متحد ہونے کا ہے اور امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کیلئے مملکت سعودی عرب اور پاکستان کو اپنا بھرپو رکردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز مکہ اور مدینہ ہے اور ایک امام کے پیچھے تمام مسلمان نماز ادا کر کے یہ واضح کرتے ہیں کہ ان کی وحدت اور ان کا مرکز ارض حرمین شریفین ہے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت سعودی عرب کا فخر ہے اور پاکستانی حجاج کیلئے ہر ممکن سہولت پیدا کرنے کی کوشش کرنا پاکستان میں سعودی سفارتخانے کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب دوستی لازوال ہے ، ہمارا ایمان اور عقیدے کا تعلق ہے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ئے قائم مقام فلسطینی سفیر نے کہا کہ وہ وقت قریب آ رہا ہے جب فلسطینیوں کا خون رنگ لائے گا اور فلسطینی ایک آزاد و خود مختار ریاست قائم ہو گی اور ہم القدس شریف میں دو نفل ادا کریں گے۔ کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے 2024 ء میں حجاج کرام کیلئے بہترین خدمات پر سعودی عرب کی قیادت خصوصاً خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز ،ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان ، سعودی عرب کے وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا شکریہ ادا کیا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب کی قیادت پر پوری امت متفق ہے ، مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کیلئے سعود ی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کو اپنا بھرپو رکردار ادا کرنا چاہیے اور وہ جو اسلام اور مسلمانوں کیلئے خدمات سر انجام دے رہے ہیں ان میں مزید اضافہ کرنا چاہیے ، کانفرنس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے کہا گیا کہ بعض عناصر جو امت مسلمہ میں تفرقہ پیدا کرنے کیلئے انتشار ، تشدد اور فرقہ وارانہ نعرے لگاتے ہیں ، اسلام اور مسلمان اس سے بری ہیں ، مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد سے ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے ۔