لاہور (سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی اپیل پر اہل حدیث مساجد کےخطبا نے خطبات جمعہ میں فلسطینی رہنما اسماعیل ہانیہ کو شہید کیے جانے کے واقعہ کی مذمت کی اور فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیااورکہا کہ اسماعیل ہانیہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ خطبانے فلسطین میں 9 ماہ سےنہتے لوگوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی بھی کیا گیا۔پروفیسر ساجد میر نے جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت عالم اسلام کا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اسماعیل ہانیہ ایک مخلص و نڈر باوقار رہنما اور مظلوم فلسطینیوں کی توانا آواز تھے فلسطین کے مسلمانوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں پر یہ ثابت کر دیا کہ بیت المقدس کے دفاع کیلئے فلسطین کے بچے سے لیکر قیادت تک قربانی دینے کو تیار ہیں ۔ اسماعیل ہانیہ کے خاندان سمیت پوری فلسطینی قوم نے ایک سے بڑھ کر ایک قربانیوں کی داستانیں رقم کیں اسماعیل ہانیہ پر حملہ عالمی قوانین اور بین الاقوامی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے اسماعیل ہانیہ کی فلسطین کی آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا فلسطین کی آزادی کیلئے ان کی اور ان کے خاندان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی عظیم فلسطینی لیڈر کی شہادت سے پوری امت کیلئے المناک حادثہ ہے امت مسلمہ ایک بہادر سپہ سالار اور لیڈر سے محروم ہو گئی۔