لاہور(وقائع نگار) پنجاب آئی ٹی بورڈ اور JazzCash کے درمیان PayZen کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو بڑھانے کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر پی آئی ٹی بی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل خرم مشتاق اور صدر JazzCash مرتضیٰ علی نے دستخط کیے۔ ارفع ٹاور میں منعقدہ تقریب میں پی آئی ٹی بی کی جانب سے پروجیکٹ ڈائریکٹر ہارون رسول کھوکھر، جوائنٹ ڈائریکٹر اجلال حسین، سینئر پروگرام منیجر عامر علی خان جبکہ JazzCash کی جانب سے ہیڈ پبلک سیکٹر عارف چوہدری، ریجنل مینیجر سنٹرل پبلک سیکٹر پارٹنرشپ عثمان نذیر، مینیجر پارٹنرشپس ولید خان، منیجر پارٹنرشپس عائشہ اکرم اور ایکسپرٹ پارٹنرشپس عمران رفیق شریک ہوئے۔
تقریب میں پی آئی ٹی بی ٹیم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دور میں پلیٹ فارم کی کارکردگی، شفافیت اور سیکیورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے PayZen کی فراہم کردہ سروسز پر بریفنگ دی۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ اس تعاون کا مقصد دونوں اداروں کی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں کیلئے ڈیجیٹل طور پر ادائیگی کرنے کے نئے اور بہتر طریقے فراہم کرنا ہے تاکہ ہر فرد کیلئے مالی لین دین کو آسان بنایا جا سکے۔