مریض گوشت احتیاط کیساتھ کھائیں، حاملہ خواتین کیلئے ذیادہ کلیجی سود مند نہیں، ڈاکٹرز جنرل ہسپتال

مریض گوشت احتیاط کیساتھ کھائیں، حاملہ خواتین کیلئے ذیادہ کلیجی سود مند نہیں، ڈاکٹرز جنرل ہسپتال

لاہور (وقائع نگار)عیدالضحیٰ پر پیٹ اور ہاضمے سمیت دیگر بیماریوں سے بچنے کیلئے گوشت احتیاط سے کھائیں۔ معدہ اور آنتوں کی بیماری سے بچنے کیلئے تیز مصالحہ والی خوراک سے پرہیز بہتر ہے جبکہ حاملہ خواتین کلیجی کھانے سے اجتناب برتیں۔ لاہور جنرل ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر محمد مقصود،کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق اور ڈاکٹر نادیہ ارشد نے عیدالضحیٰ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پیش کردیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ ذیادہ گوشت کھانے سے بیمار ہو سکتے ہیں، معمول سے ذیادہ گوشت کھانے سے پیٹ درد، آنتڑیوں،یورک ایسڈ، گھنٹیا، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول بڑھ جاتا ہے۔ امراض قلب، ذیابیطس کے مریض گردے، مغز، سری پائے اور کلیجی سے پرہیز کریں۔ ہمیشہ اعتدال میں کھائیں، فٹ اور صحتمند رہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ڈینگی، ٹائیفائیڈ اور گیسٹرو کا سیزن بھی ہے، لہذا شہریوں کو دوہری احتیاط سے کام لیناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت فریزر میں رکھنے کی بجائے مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے اس گرم مرطوب موسم میں بیکٹیریا پھیلنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ جانور تبدرست اور صحتمند خریدنا چاہئے اور اسے اسلامی طریقے سے ذبح کرنے اور گوشت کو مناسب وقت رکھنے کے بعد پکانا چاہئے۔ ڈاکٹرز نے مزید کہا کہ نظام انہضام اور جگر کے مر ض میں مبتلا افراد کو گوشت خوری زیادہ اعتدال برتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا افراد میٹھی اشیاء سے دور رہے ہیں اور عید کے موقع پر کم سے کم گوشت کھائیں تاکہ ان کے معدے پر ذیادہ بوجھ نہ پڑے۔ شہری تھوڑی سی احتیاط کر کے عید کی خوشیاں ہسپتال کی بجائے اپنے عزیز و اوقارب کے ساتھ منا سکتے ہیں۔ ڈاکٹرز نے واضح کیا کہ موسم کی شدت اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے فریزر میں رکھا گیا گوشت خراب ہونے کے امکانات ہوتے ہیں جسے کھانے سے انسانی جسم میں قوت مدافعت کم ہو سکتی ہے اور طاقت ملنے کی بجائے بیماریاں گلے پڑ سکتی ہیں، لہذا ہم سب کو ذیادہ سے ذیادہ احتیاط سے کام لینا ہوگا۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں