لاہور(وقائع نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کے حالیہ بجٹ نے حکومتی نااہلی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ یہ بجٹ نہیں بلکہ لفظوں کا گورکھ دھندہ ہے لفظوں کے اس گورکھ دھندے کو مرکزی مسلم لیگ مسترد کرتی ہے۔2024-25 کا بجٹ حکومت کا نہیں بلکہ آئی ایم ایم ایف کا تیار کردہ ہے ۔سہاروں پر بننے والی حکومت ملکی مسائل حل نہیں کر سکتی۔حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے جنگ اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی ختم کرکے سود سے پاک بجٹ بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس سے جاری کردہ پیغام میں کیا۔ جنرل سیکرٹری لاہور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر لوگوں کے پاس نہ تو قربانی کے جانور خریدنے کی سکت ہے اور نہ ہی عید کے کپڑے لینے کی گنجائش ہے۔ حکومت نے پنجاب میں گندم نہ خرید کر کسان کا بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے۔ عوام دوست بجٹ کی بات کرنے والوں نے عوام کو ایک روپے کا معاشی پیکج نہیں دیا ہے۔ کسان اور صنعتکار کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ جو لوگ ملک چلانے اور عوام دوست بجٹ بنانے کی استطاعت نہیں رکھتے وہ حکومت کرنے کے بھی حقدار نہیں ہیں۔
