جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں مریضوں کے مسائل حل کیلئے فون نمبرمتعارف، پروفیسر الفرید ظفر

جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں مریضوں کے مسائل حل کیلئے فون نمبرمتعارف، پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(وقائع نگار) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے مریض دوست اقدام اٹھاتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے بر وقت علاج معالجے اور اُن کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کیلئے موبائل فون نمبر 0337-7803307متعارف کروا دیا ہے جو 24گھنٹے ورکنگ میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام راؤنڈ د ی کلاک 042-99268817پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ تینوں شفٹوں کے ڈی ایم ایس صاحبان آنے والی ہر کال ذاتی طور پر سننے کے پابند ہوں گے اور مریض کی جانب سے اٹھائے جانے والے مسئلے کے لئے اقدامات کریں گے تاکہ نا گہانی صورتحال میں مبتلا شہری کو فوری ریلیف حاصل ہوسکے۔
اس امر کا اعلان پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے ایل جی ایچ میں ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کے دورے کے موقع پر مریضوں و لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،فوکل پرسن ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر انتظامی ڈاکٹر ز موجود تھے۔پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ تینوں شفٹوں کے انتظامی ڈاکٹرز کی کارکردگی کو ذاتی طور پر مانیٹر کریں گے کیونکہ شہریوں کو بلا تعطل علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی ہسپتالوں کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ بطور ادارے کے سربراہ ایل جی ایچ میں اس فرض کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے ایم ایس جنرل ہسپتال کو ہدایت کی کہ مذکورہ ٹیلی فون نمبرز کو ہسپتال کے مختلف جگہوں پر نمایاں طورپر آویزاں کیا جائے تاکہ لوگوں کو اس بارے میں مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔ پروفیسرالفرید ظفرکا مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی میں شکایات کے ازالے کیلئے موبائل فون نمبر متعارف کروانے سے علاج معالجے کا معیار مزید بلند ہوگا، مریضوں کی مشکلات میں کمی آئے گی اور ہسپتال کی کارکردگی میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ نمبر پر ضروری کال کریں جبکہ (ایس ایم ایس)ٹیکسٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ضرورت اس امرکی ہے کہ ہسپتالوں کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے شفاخانوں کے طرز پر استوار کیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کو یقینی بنایا جائے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ڈیوٹی ڈی ایم ایس چارج چھوڑنے سے پہلے موصول ہونے والی کالز سے متعلق ایم ایس کو آگاہ کرے گا اور اگر کسی شہری کی کال سننے میں تاخیر ہوئی تو ڈیوٹی ڈی ایم ایس جوابدہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں