لاہور(وقائع نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ عیدالاضحی کے موقع پر اہلیان لاہور کے لیے قربانی کے گوشت کا تحفہ اور دسترخوان کا اہتمام کرے گی۔لاہور کی 422 یونین کونسل میں سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے گھرانوں میں گوشت تحفہ پہنچائیں گے۔ 4 ہزار افراد پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جواجتماعی قربان گاہوں سے گوشت لیکر لوگوں کے گھروں میی پہنچائیں گی۔ جبکہ مرکزی مسلم لیگ عید الضحیٰ کے موقع پر اہلیان لاہور کے لیے دعوت عام کا اہتمام کرنے جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے تنظیمی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ اشفاق، زاہد ہاشمی اور عمر فاروق گجر سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ سیکرٹری جنرل لاہور ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے اجلاس میں موجود پی پی صدور اور جنرل سیکرٹری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرینڈ دسترخوان مینار پاکستان، ڈی ایچ اے، ماڈل ٹاؤن، رائیونڈ سٹی سمیت مختلف جگہوں پر گرینڈ دسترخوان لگائے جائیں گے۔ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عملاً میدان میں موجود ہے معاشرے میں موجود نادار متوسط طبقے کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑیں گے۔ ہم نے خدمت کی سیاست کا جو چراغ روشن کیا ہے اس کی روشنی ملک کے کونے کونے میں پہنچ رہی ہے۔ ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔
