لاہور ( وقائع نگار) اینکرز ایسوسی آف پاکستان (آپ) کی آرگنائزنگ کمیٹی نے قائم مقام گورنر پنجاب کی جانب سے صحافیوں کے تحفظات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہتک عزت بل پر دستخط کی مذمت کی ہے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق ملک بھر کے اینکرز کی نمائندہ تنظیم ‘آپ’ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں ہتک عزت بل کو عدالت میں چیلینج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے صحافیوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے باجود جلد بازی میں متنازعہ بل کو قانونی شکل دینا بدنیتی ظاہر کرتی ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب نے بھی بل سے متنازعہ شقیں نکالے بغیر بل کو منظور نہ کرنے کے وعدے کو وفا نہیں کیا ہے۔
‘آپ’ کے بیان میں کہا گیا ہے صحافتی تنظیمیں یہ واضع کر چکی ہیں کہ ہتک عزت بل ایک کالا قانون ہے جس کا مقصد میڈیا کی زبان بندی ہے۔
بیان کے مطابق بل صحافیوں کو کسی صورت منظور نہیں ہے کیونکہ یہ قانون پاکستان میں آزادی اظہارِ رائے کے آئینی حق کے خلاف ہے اور اس کو لوگوں کی آواز بند کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘آپ’ فیک نیوز کی سختی سے مذمت کرتی ہے اور اس کی روک تھام کے لئے مشاورت سے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کی حمایت کرے گی لیکن فیک نیوز کی آڑ میں حکومت صحافیوں کی زبان بندی کی کوشش کررہی ہے۔
بیان کے مطابق مجوزہ بل بنیادی انسانی حقوق، اظہار رائے اور صحافت کی روح کو ختم کرنے کے مترادف ہے لہذا اس کے خلاف ہرسطح پر احتجاج کیا جائے گا۔