بغیر اجازت حج کرنا ناجائز،سعودی سپریم کونسل کے فتویٰ کی مکمل تائید کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی اور پاکستان علماء کونسل نے عازمین حج سے پھر اپیل کر دی

بغیر اجازت حج کرنا ناجائز،سعودی سپریم کونسل کے فتویٰ کی مکمل تائید کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی اور پاکستان علماء کونسل نے عازمین حج سے پھر اپیل کر دی

لاہور (وقائع نگار)پاکستان علماء کونسل مملکت سعودی عرب کے علماء کی سپریم کونسل کے فتویٰ کی مکمل تائید کرتی ہےجس میں اجازت کے بغیر حج پر پابندی عائد کرنے کی حمایت کی گئی ہے۔ ہم تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سعودی عرب کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نہ کریں، جن کمپنیوں کو سعودی عرب کی جانب سےحج کی اجازت نہیں ہے ان کےذریعے حج کے بکنگ نہ کرائیں ۔ صرف ان کمپنیوں کے ذریعے حج کی بکنگ کریں جن کو سعودی حکومت نے اجازت دی ہے۔ پاکستان علماء کونسل حجاج کرام سے اپیل کرتی ہے کہ حج کے دوران کسی قسم کی فرقہ وارانہ اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لیں، حج عبادت کیلئے ہے سیاست کے لئے نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا ابو بکر حمید صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی ، علامہ طاہر الحسن مولانا حنیف عثمانی ، مولانا محمد اصغر کھوسہ ، مولانا انوار الحق مجاہد ، مولانا سعد اللہ لدھیانوی و دیگر نے کیا ۔ پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے کبائر علماء کی کونسل کے فتویٰ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت کے حج کرنے والا گناہ گار ہوگا، بغیر اجازت حج پر جانا جائز نہیں ہے۔ لہٰذا حج پر جانے والے مسلمان اس فتویٰ کو ملحوظ خاطررکھیں اورشرعی وقانونی طور پر کسی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں۔ قائدین نے کہا ہے کہ مملکت سعودی عرب کی قیادت نے پہلے ہی خبردار کردیا تھا کہ مناسک حج ادا کرنے کے لیے بکنگ صرف منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے ہی کرائی جائے،ایسا کرنے والوں کے لئے بھاری جرمانوں اور سزاؤں کا اعلاں بھی کردیا گیا ہے۔ بغیر اجازت نامہ کے حج کرنا قانونی طور پر ایک خلاف ورزی ہے۔ اس خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں