لاہور( وقائع نگار) حج عبادت ہے اور عبادت کو اللہ کےلئے کرنا ہے، پاک سعودی قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے حجاج کرام کسی قسم کی سیاسی و فرقہ وارانہ سرگرمی میں حصہ نہ لیں،حجاج سیاسی جھنڈا بینر یا تصویر سے دور رہیں حج اللہ کےلئے کریں گے آپ دعائیں کریں لیکن جتھہ بازی یا سیاسی اجتماع یا فرقہ وارانہ بحث سے گریز کریں۔
یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے علماء و مشائخ اور ہوپ کے پنجاب زون کے چیئرمین سعید ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر، مفتی نسیم الاسلام ، مولانا قاری مبشر رحیمی، قاری فیصل امین اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام مذہبی فریضہ ادا کرنے سعودی عرب جا رہے ہیں لہذا وہ سیاسی جھنڈا بینر یا تصویر سے دور رہیں اور سیاسی اجتماع یا فرقہ وارانہ بحث سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال سرکاری اڑسٹھ سے انہتر ہزار اورپرائیویٹ طورپر نوے ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے اور یہ آپریشن بارہ جون تک مکمل ہوگا اگر کسی حاجی کو شکایت ہو تو وہ بتائے شکایت دور کریں گے، حجاج کرام سعودی عرب میں سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی اپیل پر آرمی چیف حافظ عاصم منیر کی کاوشوں سے ڈالر 332 سے287پر آ گیا، ان کاکہناتھاکہ بغیر اجازت کے حج نہیں ہوسکتا عمرہ پر جانے والے حج کےلئے جو لوگ چھپے ہیں انہیں اور اقامہ والے کو بھی حج کی اجازت لینا ہوگی وگرنہ حج نہ ہوگا،انہوں نے کہاکہ حرم سے جو لوگ پکڑے گئے وہ تو پاکستانی بھکاری تھے جو شرمندگی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی حکومت کے بہترین حج انتظامات پر ان کے شکر گذار ہیں ، طریق مکہ پروگرام کیلئے سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔