سیکٹر ای 12 کے متاثرین کا کیس،اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے کو بڑا حکم جاری کر دیا

سیکٹر ای 12 کے متاثرین کا کیس،اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے کو بڑا حکم جاری کر دیا

اسلام آباد(وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ای بارہ کے متاثرین کے کیس کی سماعت، ہائی کورٹ نے متاثرین کو سی ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ سے ملاقات کرنے اور سی ڈی اے کو متاثرین سے ملکر اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ اگلی تاریخ پر جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد سیکٹر ای 12 کے سینکڑوں خواتین ، مرد و بزرگ سی ڈی اے میں ڈائریکٹر لینڈ کے دفتر پہنچے جہاں ڈائریکٹر کا دفتر کئی گھنٹے بند رہا، طویل انتظار کے بعد ڈائریکٹر لینڈ ثانیہ حمید نے متاثرین میں سے صرف دو افراد کو اپنے دفتر بلایا اور کہا کہ میں اس عہدے پر ابھی نئی نئی آئی ہوں، مجھے شعبہ قانون سے کیس کی تفصیلات معلومات کرنے دیں پھر آپ کو بتایا جائے گا کہ سی ڈی اے اس کیس میں کیا کر سکتا ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی دارلحکومت کے تین سیکٹر ایف 12، ای 12 اور جی 12 ابھی تک غیر آباد ہیں، مختلف لوگ ایف 12، جی 12 میں غیر قانونی قبضہ کیے ہوئے ہیں جبکہ ای 12 کی آبادی کو کئی سال سے سی ڈی اے بے دخل کرنے کیلئے آپریشنز کرتا ہے تاہم متاثرین کا موقف ہے اس سیکٹر کے آدھے متاثرین سے سی ڈی اے نے زمین اچھی قیمت پر خرید رکھی ہے جبکہ بقیہ سیکٹر کے لوگوں کو انتہائی کم معساوضہ دیا جارہا ہے، ہائی کورٹ راولپنڈی کا فیصلہ بھی متاثرین کے حق میں موجود ہے کہ سی ڈی اے متاثرین کو اس سیکٹر کے دوسرے حصے کے برابر معاوضہ ادا کرے۔ کئی سو خاندان سی ڈی اے کے متاثرین ہیں جو اپنا کیس عدالت عالیہ میں لیکر گئے ہیں جہاں سے سی ڈی اے کو آج حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ متاثرین کی سکروٹنی کریں ، معاوضوں کی ادائیگی کا طریقہ کار اور زمین کی قیمت کا از سر نو تعین کریں اور اگلی تاریخ پر سی ڈی اے کورٹ میں تفصیلی رپورٹ جمع کرائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں