مخیر شخصیت کا جنرل ہسپتال کو20 سٹریچراور20 ویل چئیرز کا عطیہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کی جانب سے اظہار تشکر

مخیر شخصیت کا جنرل ہسپتال کو20 سٹریچراور20 ویل چئیرز کا عطیہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کی جانب سے اظہار تشکر

لاہور(وقائع نگار) جنرل ہسپتال میں مریضوں کی سہولت او ر دکھی انسانیت کی خدمت کے پیش نظردرد دل رکھنے والیے مخیر شخص نے شعبہ ایمرجنسی میں 20 سٹریچر اور 20 نئی ویل چیئرز عطیہ کیں ہیں، عطیہ کرنے والے شخص نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی اپیل پر مریضوں کی بنیادی ضرویات کی اشیاء ہسپتال کو فراہم کیں جنہیں ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے شکریے کے ساتھ وصول کیا۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے اس کار خیر میں حصہ ڈالنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ ہمارے معاشرے میں انسانیت آج بھی زندہ ہے، انسانی ہمدردی جن کی سرشت میں شامل ہو انہی درد دل رکھنے والے لوگوں کی وجہ سے سوسائٹی میں ہمدردی اورخوف خدا کے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر خدمت انسانیت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سٹریچرز اور وہیل چیئرز عطیہ کرنے والے نیک دل انسان نے نہ صرف یہ اشیاء عطیہ کی ہیں بلکہ مریضوں کو وارڈ تک پہنچانے کے لیے سپورٹنگ اسٹاف کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی ہے جو بہت بڑی سخاوت ہے اور اس کا اجر اللہ تعالیٰ کی ذات دے گی۔
پروفیسر الفرید ظفرنے کہا کہ بلاشبہ حکومت اپنے وسائل سے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کے مکمل علاج معالجے اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی تاہم جنرل ہسپتال میں لاہور سمیت پورے پنجاب سے لوگ علاج معالجے کے لئے آتے ہیں جن کے لیے صاحب ثروت لوگوں کی فراخ دلی ہمارے لئے بہت حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر وسائل بروئے کار لانے کے باوجود اتنی گنجائش موجود رہتی ہے کہ مخیر حضرات اپنی سخاوت سے دکھی انسانیت کا مداوا کر سکیں جبکہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے لوگوں کو بڑھ چڑھ کر آگے آنا چاہئے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اپنی کمائی سے ایسے کار خیر میں حصہ ڈالنے والے ہی دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں کیونکہ خلق خدا کی بے لوث خدمت کرنا بہت بڑی سعادت ہے لہذا حکومت کے ساتھ ساتھ رضا کار تنظیموں اور صاحب حیثیت افراد کو بھی کار خیر میں حصہ ڈالنے کیلئے آگے آنا چاہیے۔ جنرل ہسپتال کے لئے یہ امر اطمینان بخش ہے کہ یہاں بلا تفریق ہر مریض کو بہتر علاج معالجہ کیا جا رہا ہے جو اس ہسپتال کے معیار کو مزید بلند کرنے کا باعث ہے اسی وجہ سے عوام الناس کا اعتماد اس ہسپتال پر دہائیوں سے قائم ہے اور صاحب استطاعت لوگ وقتاً فوقتاً اس ہسپتال کے ذریعے مریضوں کی خدمت میں حصہ ڈالتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کی جانب سے ملنے والے عطیہ کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں