لاہور(وقائع نگار حکومت پنجاب کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال میں خسرہ سے بچاؤ اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 04299268877/04299268816 قائم کردی گئی ہے،شہری صبح 8 سے رات 8 بجے تک مذکورہ فون نمبرز پر ڈاکٹرز سے مفت طبی مشورہ لے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں ہیلپ لائن کا افتتاح کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیاجبکہ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین و دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں میڈیا پر ضلع قصور میں خسرہ کے کیسز رپورٹ ہونے پر پی جی ایم آئی کے سینئر ڈاکٹرز پرنسپل کی قیادت میں بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور پہنچ گئے جہاں انہوں نے گائنی اور بچہ وارڈ میں زیر علاج مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور والدین کو حفاظتی تدابیر کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر ڈاکٹر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر لوگوں کو ان کی دہلیز پرعلاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ والدین اپنے بچوں کو خسرہ کی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین کے ٹیکے لگوائیں تاکہ بچوں میں بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہو اور وہ خسرے سے محفوظ رہ سکیں۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے اعلان کیا کہ قصور ہسپتال کے گائنی اور امراض اطفال کے ڈاکٹرز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ جنرل اسپتال سے قصور پہنچنے والی میڈیکل ٹیم میں پروفیسرمحمد شاہد، پروفیسر فہیم افضل، ڈاکٹر مزمل احمد،ڈاکٹر محمد عادل خان، ڈاکٹر فیصل نعیم اور ڈاکٹر ندا عارف شامل تھیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا مزید کہنا تھا کہ قصور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے گا.معالجین نے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے نو نہالوں کی صحت پر نگاہ رکھیں، خسرہ کی علامات نظر آنے کی صورت میں سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے والدین کو یقین دلایا کہ جن بچوں کو ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت ہوگی انہیں ایل جی ایچ میں تمام طبی و تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ بچوں کو خسرے جیسی وبائی مرض سے بچانا ہم سب کی مشترکہ اور انفرادی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائیگا اور ہیلتھ پروفیشنلز طبی عملے اور والدین کے تعاون سے بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند معاشرہ قائم کریں گے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے قصور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ بچہ وارڈ میں تینوں شفٹو ں میں ڈاکٹرز و نرسز کی حاضری یقینی بنائیں،اگر ویکسی نیشن کی ضرورت ہو تو لاہور جنرل ہسپتال بھجوانے کے لئے تیار ہے اورہیلتھ پروفیشنلز نو نہالوں کے علاج معالجے میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔اس موقع پر خسرہ بیماری کی علامات، بچاؤ کے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
٭٭٭٭
