لاہور(وقائع نگار) جنرل ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈک اینڈ سپائن سرجری کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور الشفائ ہسپتال غزہ میں شعبہ آرتھوپیڈک کے سربراہ ڈاکٹر عدنان البرش پر بہمانہ تشدد کے نتیجے میں شہادت کے خلاف جمعرات کے روز پر امن ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد حنیف، پروفیسر خالد کاظمی، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر حسنین خالد، صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر حسیب تھند، صوبائی صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسو سی ایشن رانا پرویز، صدر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز جنید میو، صدر وائی این اے خالدہ تبسم، منزہ رضوی سمیت ڈاکٹرز، نرسز پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر نے ریلی میں شرکت کی۔ شرکاء نے فلسطینیوں کے حق اور ڈاکٹر عدنان البرش کی شہادت کے خلاف اظہار مذمت کے پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے میڈیا کے نمائندوں اور پر امن ریلی کے شرکاءسے گفتگو میں کہا کہ ہمیں اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کیلئے پاکستانی قوم میں شعور اجاگر کرنا ہوگا۔ پروفیسر میاں محمد حنیف اور ڈاکٹر حسنین خالد کا کہنا تھا کہ 50 سالہ پروفیسر اف ارتھو پیڈک سرجری ڈاکٹر عدنان البر ش کی شہادت جو کہ اسرائیلی قید میں انسانیت سوز تشدد کے نتیجے میں ہوئی وہ اسرائیل کے مکروہ اور سفاک چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولیات کے فقدان کا سامنا ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے انسانی بنیادوں پر دنیا بھر کے انسانوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور بالخصوص ایٹمی اسلامی ملک پاکستان کو اس کاوش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہاں سے ادویات اور ڈاکٹرز کے وفد فلسطین بھجوانے چاہیے اور اس سلسلے کے لیے لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز صف اول میں شامل ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر حسیب تھند، رانا پرویز، جنید میو، خالدہ تبسم اور منزہ رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔صحت کے شعبے سے وابستہ 496 افراد شہید اور 1500 سے زائد زخمی اور تقریبا 309 افراد لاپتا ہیں۔100 فلسطینی صحافی اور 224 سے زائد فلاحی رضاکاروں کو شہید کیا جا چکا ہے،لہذا اپنی مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد ہمارے لیے اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ریلی ایڈمن بلاک سے شروع ہو کر ڈیپارٹمنٹ اف ارتھوپیڈک اینڈ سپائن سرجری کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔
