لاہور(ہیلتھ رپورٹر)جنرل ہسپتال سیکیورٹی ان ایکشن،ڈاکٹر کا روپ دھارنے والے نوسر باز کو حوالات تک پہنچا دیا جبکہ کل بروز جمعہ سے ہسپتال میں بھیک مانگنے والے گدا گروں کے خلاف بھی خصوصی مہم کا آغاز ہو گا۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے احاطہ میں مریضوں و لواحقین کی پریشانی کا سبب بننے والے گدا گروں کو قانون کے حوالے کیا جائے گا۔ ہسپتال سیکیورٹی کے مطابق جمعرات کی صبح ایک نوجوان کو روکا تو اس نے اپنا تعارف ڈاکٹر ہارون منصور کے نام سے کروایا۔ جب اس سے شناخت طلب کی تو وہ گھبرا گیا اور اس سے ڈاکٹر کی مہر بھی نکلی۔ سیکیورٹی سپروائزر نے فوری طور پر ہسپتال انتظامیہ کو اطلاع دی، جس پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کی ہدایت پر نوسرباز ہارون منصور کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ تھانہ کوٹ لکھپت نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایم ایس نے مریضوں و لواحقین سے اپیل کی کہ اگر کوئی مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر ڈیوٹی ڈی ایم ایس اور پولیس چوکی کو اطلاع دی جائے تاکہ ایسے عناصر کو بلا تاخیر قانون کے شکنجے میں کسا جا سکے۔ دوسری طرف ہسپتال میں بھیک مانگنے والوں کے خلاف سخت ترین آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ہسپتال کی حدود میں بھیک مانگنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
