لاہور (سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا،آج کے دن برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ایک آزاد اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے قرارداد پیش کی۔اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اسلام کے نام پر ہی اس کی بقاء ہے۔ قیام پاکستان کی منزل نفاذ اسلام ہے اور اس کی راہ میں کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ ہمارے آبا و اجداد نے اس ملک کو معرض ِ وجود میں لا نے کیلئے جو جدوجہد کی ہے اسے سامنے رکھتے ہو ئے پاکستان کے استحکام کیلئے اپنی ساری قوتیں صرف کر دیں گے ۔ ہم اس موقع پر تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،مملکت خداداد پاکستان کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ 1987 کو لاہور میں اہل حدیثوں کے عظیم قائدین کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا ،ہم شہدائے اہل حدیث علامہ احسان الہی ظہیر، مولانا حبیب الرحمن یزدانی شہید، محمد خان نجیب شہید ،مولانا عبدالخالق قدوسی شہید کی دینی اور مسلکی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، انہوں نے قرآن وسنت کی بالادستی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔
