اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری کا لیبر کالونی ٹیکسلا اور اسلام آباد کا دورہ، کالونیوں کی تعمیر،تکمیل اور مزدوروں کو حوالگی میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار،تیار فلیٹس فوری طور پرصنعتی مزدوروں کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ورکرز ویلفئیر فنڈ سے بنائے گئے لیبرز کوارٹرز کا تفصیلی معائینہ کیا، ورکرز ویلفئیر فنڈ کے افسران نے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کو بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کالونیوں کی تعمیر، تکمیل اور مزدوروں کو حوالگی میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تیار فلیٹس فوری طور پرصنعتی مزدوروں کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کئے۔
ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ لیبر کمپلکس ٹیکسلا میں 500 فیملی فلیٹس اور اسلام آباد میں 1008 فلیٹس تیار ہیں،اسلام آباد لیبر کمپلکس میں 500 مکانات اسوقت زیر تعمیر ہیں جو جلد مکمل ہونگے،صنعتی ورکرز اور مزدوروں کو مکان دینا ہماری اولین ذمہ داری ہے، اکتوبر کے آخر تک تمام مکمل شدہ فلیٹس اور ہاوسنگ یونٹ لیبرز کے حوالے کیے جائیں، گھروں کی تعمیر و تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ ہر ایک کو روٹی، کپڑا اور مکان مہیا کرنا پیپلزپارٹی کا نعرہ اور خواب ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں غریب اور مزدور طبقے کو گھر فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں، جلد دیگر شہروں اور خاص کر انڈسٹریل زونز میں لیبرز کالونیاں بنائیں گے، خواہش ہے کہ ہر شہر میں صحت و تعلیم کے سہولیات کیساتھ لیبرز کالونیاں ہو۔