کراچی (عدالتی رپورٹر )لاپتہ افراد کیس میں پولیس نے 3 افراد کی گرفتاری ظاہر کردی ، پولیس نے مسنگ پرسنز کی بازیابی سے متعلق رپورٹس عدالت میں جمع کرادی ہیں جس میں پولیس نے تینوں افراد کی گرفتاری ظاہر کردی اور دعویٰ کیاکہ تینوں ہی پولیس کو مطلوب تھے۔ پاکستان ٹائم کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں 12 سال سے لاپتا شہری سمیت دیگر شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے، لاپتا شہری آفتاب احمد بروہی، علی حسن مگسی، اور زردار خان کا پتا لگ گیا ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق آفتاب احمد بروہی مقدمے میں نامزد تھا اسے گرفتار کیا گیا، بوٹ بیسن سے لاپتا حسن علی مگسی اور زردار خان بھی پولیس کو مطلوب تھے، دونوں شہری بازیاب ہو کر گھر واپس آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ لاپتا شہری نور محمد کی جانب سے اہل خانہ بھی عدالت میں پیش ہوئے، اہلخانہ نے عدالت کو بتایا کہ نور محمد 12 سال سے لاپتا ہے اب تک پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
