کوئٹہ(جنرل رپورٹر) گوادر میں بارش سے نظام پوری طرح درہم برہم ہوگیا جبکہ حکومت نے گوادر کو آفت زدہ قراردیدیا، ایسے میں سعودی عرب بھی امداد کیلئے آگے آیااورگوادر کے بارش متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اور پاکستانی عوام بھائی بھائی ہیں، مشکل گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے، اعلان کردہ امدادی سامان میں 9 ہزار شیلٹرز کیمپس اور 9 ہزار راشن بیگز شامل ہیں۔ نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے یہ سعودیہ کی جانب سے تحفہ ہے۔سعودی سفیر نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی لگایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے اس اعلان پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
