اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان سنی اتحاد کونسل اورتحریک انصاف کےرکن اسمبلی شیرافضل مروت نے پورے ملک میں ’دمادم مست قلندر‘ کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ اب جعلی مینڈیٹ والوں کے خلاف کھلم کھلا جنگ ہو گی، مینڈیٹ چوری کرنے والے آصف زرداری، نواز شریف، مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کا عوام گھیرائو کریں گے، چوروں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔ حلف برداری کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ 2مارچ کو عمران خان کی کال پر پورے ملک میں مظاہرے ہوں گے، عوام پر امن احتجاج کرے، دو تہائی اکثریت کو اقلیت میں بدل کرعوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، بلے کا نشان تک چھین لیا گیا،لوگوں کو مزاحمت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے اندر اور پارلیمنٹ میں جعلی مینڈیٹ کے خلاف احتجاج کریں گے، ظلم اور جبر کے دن ختم ہو چکے ہیں، ہفتہ کو پورے ملک میں عوام جعلی مینڈیٹ کے خلاف گھروں سے باہر نکلیں۔
