اسلام آباد(بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے اپنے نامزد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے،عامر ڈوگر سپیکر اور جنید خان ڈپٹی سپیکر کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب خان نے کہا کہ عمران خان نے عامر ڈوگر کو سپیکر قومی اسمبلی جبکہ جنید خان کو ڈپٹی سپیکر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے،بڑے عرصے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ان کے حوصلے بلند اوروہ پر اعتماد ہیں،الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلہ ہوا ہے،یک جنبش قلم سے ہماری نشستوں پر ضرب لگا دی گئی،دو مارچ کو پورے پاکستان میں دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے،عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ہے،کل بھی لودھراں میں ہماری سیٹ پر شب خون مارا گیا،ہم عدالتوں اور اسمبلیوں میں بھی احتجاج کریں گے،عوام نے بانی پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے،ہماری لڑائی حق اور سچ کی لڑائی ہے،فارم 45 ہمارے پاس موجود ہیں ہم آخری دم تک لڑیں گے،جیت پی ٹی آئی کی ہوگی۔شیر افضل مروت نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے بیانیے کے مطابق آئی ایم ایف کو خط بھیجنے کی ہدایت کی ہے،ہم 29 فروری کو حلف لینے اسمبلی جائیں گے،عمران خان نے ہفتے کو دھاندلی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرنے کا کہنا ہے،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں پارٹی کے اندرونی معاملات پر بات ہوئی۔
