نئی دہلی(شوبز ڈیسک )لائیو کانسرٹ کے دوران گلوکار کے مائیک کا نشانہ بننے والے مداح کا بیان سامنے آگیااور گلوکار آدتیہ نارائن کا پائوں کھینچنے اور انہیں مشتعل کرنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رنگٹا کالج میں بی ایس سی تھرڈ ایئر کا طالب علم ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مداح نے بتایا کہ آدتیہ نارائن پرفارم کر رہے تھے، قریب موجود مداحوں کے فون لیکر ان کے لیے سیلفیز بنا رہے تھے، میں بھی اسٹیج کے بالکل پاس تھا اس لیے میں نے بھی سیلفی کے لیے گلوکار کو اپنا فون دیا لیکن انہوں نے سیلفی لینے کے بجائے مائیک سے میرے ہاتھ پر مارا اور پھر بغیر کسی وجہ کے میرا فون پھینک دیا۔ مداح نے کہا کہ میرا بھائی بھی میرے ساتھ کھڑا تھا، ہم آدتیہ نارائن کے فینز ہیں، اسی لیے کنسرٹ میں گئے تھے، وہ سب کے ساتھ خوشی سے سیلفی لے رہے تھے تو مجھے لگا کہ میرے ساتھ بھی سیلفی لیں گے لیکن انہوں نے تو میرا فون ہی پھینک دیا، گلوکار کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
