اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی نے بھی عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف جمعہ کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کر دیا ، اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی بھی تحریک چلانے کااعلان کرچکی ہے ۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی چیف الیکشن کمشنر سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتی ہے،الیکشن کا انعقاد پرامن ہوا لیکن نتائج روک کر دھاندلی کی گئی، جیت اور ہار کا نہیں، ووٹ کے تقدس کا معاملہ ہے۔ ترجمان جماعت اسلامی نے دعویٰ کیاکہ معاملات الیکشن کمیشن کی بجائے کہیں اور سے کنٹرول ہورہے ہیں، بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش ہے جبکہنگران حکومت ڈھٹائی سے الیکشن کمیشن کو تحفظ فراہم کررہی ہے، جیتی ہوئی سیٹیں ہروانے کی کوشش کی جا ر رہی ہے، اپنے حق کیلئے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے۔
