لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ و نومنتخب ایم این اے اعجاز الحق نے پرامن الیکشن کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے صرف پاکستان کی بات ہو، میثاق جمہوریت نہیں میثاق پاکستان ہونا چاہیئے۔ ”پاکستان ٹائم“ کے مطابق انہوں نے اپنے حلقے کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں شامل ہونا ہے یا نہیں، ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اتحاد اگر پاکستان اور جمہوریت کے مفاد میں ہوا تو ضرور کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی کشیدگی کی بجائے حلقے میں ملکر کام کرنے کو ترجیح دیں گے، میری خواہش ہے علاقے کی محرومیوں اور پسماندگی کو ختم کیا جائے۔ اعجاز الحق نے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کاشف نوید پنسوتہ کو ایم پی اے منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
