وزیراعلی سندھ کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے

کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے قائد آباد پر ملیر ندی کا معائنہ کیا ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملیر ندی پر پانی کا بہاو ٹھیک چل رہا ہے، محکمہ آب پاشی کو ہدایت کی کہ ملیر ندی میں پہاڑوں سے اگر کوئی ریلا آئے تو انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ صوبے بھر کے بارش متاثرہ علاقوں کا دورے کر رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ لوگوں کا خیال کریں ان کے مسائل حل کریں۔ملیر ندی میں گاڑی ڈوبنے کا واقعے میں اب تک 05 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ 02 کی تلاش جاری تاحال جاری ہے۔ملیر میمن گوٹھ لنک روڈ 8 نمبر پر گزشتہ 03 روز سے ایدھی بحری خدمات کی ٹیم کے جاری ریسکیو آپریشن میں ندی سے مزید 01 مرد کی لاش نکال لی ہے۔برآمد کی جانے والی لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ایدھی ہوم سہراب گوٹھ سردخانے منتقل کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اب تک ملنے والی میتوں کی تعداد 05 ہو گئی ہے جبکہ مزید لاپتہ 02 افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ملیر لنک روڈ پر تیز بارش کے دوران سڑک سے گزرنے والا سیلابی ریلہ کراچی سے حیدر آباد جانے والی کار کو بہا کر لے گیا تھا۔کار میں ڈرائیور کے علاوہ میاں بیوی اور ان کے 4 بچوں سمیت 7 افراد سوار تھے۔کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے، بعض شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

وزیراعلی سندھ ہر ضلع میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور متاثرین کی فلاح بہبود کا جائزہ لینگے، وزیراعلی سندھ پہلے دن ٹھٹہ، سجاول، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار اور حیدرآباد کا دورہ کرینگے۔ترجمان وزیراعلی سندھ نے بتایا تھا کہ وزیراعلی سندھ ہر ضلع کی انتظامیہ سے ان کے ضلع کی تفصیلی بریفنگ لینگے، ساتھ ہی سیلاب متاثرین سے ملیں گے اور ان کے مسائل سن کر موقع پر احکامات دینگے۔وزیراعلی سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا، سید ناصر شاہ اور مکیش کمار چاولہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں