لاہور(وقائع نگار)مسلم لیگ (ن) کے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور این اے 122 لاہور کے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے تجربات بند کردیے جائیں، ہم ترقی اور تحفظ کی سیاست کررہے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق کارنر میٹنگ سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر شیر جیتے گا تو پاکستان جیتے گا، نواز شریف کو نااہل کرکے پاکستان کی ترقی روکنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے تجربات بند کردیے جائیں اور نفرت کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا، اگر ملک چلانا ہے تو ایک دوسرے سے بات کرنی پڑے گی۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اس شخص کومعلوم نہیں تھا، جو گڑھا کھودے گا اسی میں گرے گا، ہمیں چور ثابت کرنے کے چکر میں سی پیک بھی رکوادیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مدمقابل نفرت کا دیوتا ہے، اس کے سہولت کار بھی پاکستان کے مجرم ہیں، ہم ترقی اور تحفظ کےلیے سیاست کررہے ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا ہے، ووٹ کی طاقت کو تسلیم کرنا ہوگا، پیسوں کی سیاست کو لاہور کے گندے نالے میں دفن کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان بڑی دور سے آیا ہے، کہتا ہے میں شیر کا شکار کروں گا، شیروں پر ہاتھ ڈال دیا تو ہاتھ واپس نہیں آئے گا۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ بھٹو کے نواسے کو کہنا چاہتا ہوں ان کے دور میں سول مارشل لا تھا، جو سندھ میں آپ کر رہے ہیں ہم جانتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے راستے پر نہ چلو۔
