”مجھے زندگی بھر کیلئے نااہل کیا، آج پھر آپ کے سامنے کھڑا ہوں“ نواز شریف کا جلسے سے خطاب

”مجھے زندگی بھر کیلئے نااہل کیا، آج پھر آپ کے سامنے کھڑا ہوں“ نواز شریف کا جلسے سے خطاب

مری (وقائع نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے جانے کے بعد اس ملک کو کیا ہو گیا؟ مجھے زندگی بھر کیلئے نا اہل کر دیا گیا آج پھر آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق مری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت دیر سے مری آ رہا ہوں ، یہ میرا دوسرا گھر ہے، لاہور کے بعد سب سے زیادہ مری میں رہا ہوں۔ مری مجھے پیارا لگتا ہے اور یہاں کے لوگ بھی پیارے لگتے ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو راولپنڈی سے مری بہترین روڈ بنائی۔ پاکستان کی سب سے خوبصورت سڑک 1985 میں راولپنڈی سے مری بنی تھی۔ مری کو کہتا ہوں کہ میں آپ سے محبت کرتا ہوں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس نے مجھے نکالا کیا اس نے اچھا کیا یا برا؟ جس نے نکالا وہ خود استعفیٰ دے کر چلا گیا، دال میں کچھ تو کالا ہے۔ وہ شخص چیف جسٹس بننے والا تھا اور وہ استعفیٰ دے کر جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کٹے، مرغیاں اور انڈے کہاں چلے گئے؟ میرے جگہ جسے لائے تھے اس نے ایک کروڑ نوکری دینے کا کہا۔ بلین ٹری کا بڑا جھوٹ بولا اور اربوں روپے اس پر خرچ کیے، کیا کسی کو ایک بھی نوکری ملی؟سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ کہتے ہیں یوتھ ہمارے ساتھ ہے، ساری یوتھ تو یہاں موجود ہے۔ کون سی یوتھ ان کے ساتھ ہے اصل یوتھ تو میرے سامنے کھڑی ہے۔ آپ کے کندھے سے کندھا ملا تو ملک کو دوبارہ تعمیر کریں گے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ ایک موٹروے بنائیں گے جو مری کے چاروں طرف گزرے گی۔ خواہش ہے راولپنڈی سے مری تک ٹرین چلائیں، اسلام آباد سے کشمیر تک ٹرین چلانا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں