لاہور (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ( ن )اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی ) کے رہنماوں نے این اے 119کیلئے پولنگ ڈے کی حکمت عملی طے کر لی اورورک فورس تشکیل دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز اور عبدالعلیم خان کے حلقوں میں پولنگ ڈے پر شیر اور عقاب کی جیت یقینی بنانے کیلئے باہمی مشاورت کی گئی اور پولنگ سٹیشنوں کی ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں ۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ سابقہ تجربات کے تحت حتمی نتیجے تک پولنگ سٹیشن سے نہیں اٹھا جائے گا، خواتین کے پولنگ بوتھ پر خصوصی توجہ مرکوز ہوگی ۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ این اے 119 اور پی پی 149 میں پولنگ ایجنٹس مقرر کر کے ضروری تربیت کے سیشن منعقد ہوں گے۔
