لاہور(سیاسی رپورٹر)عام انتخابات کی آمد میں چند روز باقی رہ گئے ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی سرگرمیوں میں کافی تیزی آ گئی ہے،اسی سلسلہ میں مسلم لیگ ن نے این اے 127 اور پی پی 161 میں حافظ سجاد کی زیر نگرانی بڑے انتخابی جلسے کا انعقاد کیا جس میں حافظ محمد سجاد، راجہ فیاض، ماسٹر سہیل عمر گجر اور حمید سروہی کی قیادت میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔جلسے کے مہمان خصوصی عطاء اللہ تارڑ امیدوار برائے ایم این اے اور عمر سہیل ضیاء بٹ امیدوار برائے ایم پی اے تھے،مہمانوں کی آمد پر آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔
جلسے میں نوجوانوں کا جوش اور جذبہ دیدنی تھا،جگہ جگہ ن لیگی امیدواروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ
بلاول بھٹو کو سندھ کے عوام کے پیسوں سے پنجاب میں ووٹوں کی خرید و فروخت نہیں کرنے دینگے اور بلاول کو زبر دست شکست سے دوچار کریں گے، الیکشن کمیشن اور انتظامیہ ووٹوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کو لگام دے ورنہ ہمیں ان کو اوقات میں رکھنا آتا ہے۔عمر سہیل ضیاء بٹ نے کہا کہ اقتدار میں آکر میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پر عزم ہیں،خدمت کی سیاست ہمارا عزم ہے اور پورے ملک میں ہونے والی ترقی ہماری سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سجاد کا کہنا تھا کہ پاکستان نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرے گا،کاروباری برادری ہمیشہ کی طرح نواز شریف اور ن لیگ کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑی ہے، معیشت کو بہتر کرنے میں ن لیگ کا کوئی سیاسی جماعت مقابلہ نہیں کر سکتی، 8 فروری کا دن پاکستان کو دنیا میں باوقار اور معیشت کو عروج پر لیجانے کا دن ہو گا۔