لاہور (سٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے کردار سے تو پہلے ہی مایوس تھا، نوازشریف نے اپنی پرانی سیاسی روش برقرار رکھی تو ان کا ساتھ نہیں دوں گا۔ غیرملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں بلاول نے نوازشریف کے کردار پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم لیول پلیئنگ فیلڈ چاہتے تھے مگر یہ مسئلہ تاحال موجود ہے۔عمران خان اور نوازشریف پرانی سیاست ہی کرنا چاہتے ہیں جو بار بار ناکام ہو چکی، یہ لوگ اپنی انا کی وجہ سے جمہوریت و ریاست کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان کامزید کہناتھاکہ آزاد امیدواروں میں پی ٹی آئی امیدواران کی اکثریت کی بات درست نہیں، پنجاب میں کئی امیدوار مسلم لیگ (ن) کے مخالف اور آزاد ہیں، ان میں سے بہت سے آزاد امیدوار پہلے پی ٹی آئی یا (ن) لیگ کے ساتھ تھے،یہ بھی ہوسکتا ہے کہ انتخابات کے بعد آزاد امیدوار پیپلز پارٹی کے ساتھ آ ملیں۔
