لاہور(وقائع نگار)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی عام انتخابات 2024 میں انتخابی نشان مور لینے کی درخواست خارج کردی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الہٰی کی مور کے نشان لینے کی درخواست مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن کا پرویز الہٰی کو گدھا گاڑی کا نشان الاٹ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔پرویز الہٰی نے انتخابی نشان مور لینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار پی پی 32 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ نے الیکشن لڑنے کی اجازت دی، انتخابی نشان ’مور‘ الاٹ نہیں کیا جارہا۔درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی تھی کہ انتخابی نشان مور الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے۔
