لاہور(سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن بھی پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نقش قدم پر چل پڑے اور اقتدار میں آکر تین سو یونٹ تک بجلی مفت دینے کا اعلان کردیا، یہ اعلان بلاول بھی کرچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھاٹی گیٹ کے علاقے میں نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے انتخابی دفترکے افتتاح کے موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں انتخابی دفتر کا افتتاح کرنے آیا ہوں مگر آپ کے جذبے نے جلسے کا سماں بنا دیا،،آج لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، 2013 میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، ہم نے اپنے دور میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، میں نے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر غریب عوام کیلئے آٹا سستا کیا،، اپنے دور میں ایک سو یونٹ بجلی عوام کو مفت دی، اب اقتدار میں آکر 300یونٹ تک مفت بجلی دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا دور انتقام کی سیاست سے بھرپور رہا ، ن لیگ کی پوری قیادت کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، لیگی قائدین کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں رکھا گیا، جب معاملہ عدالت میں آیا تو مجھ سمیت کسی لیگی کارکن پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، نوازشریف سمیت لیگی قیادت سے انتقام لیا گیا، اس کا نقصان یہ ہوا کہ ملک بہت پیچھے چلا گیا۔
