راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اڈیالہ جیل میں اسیر سابق وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کانام ایگرٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا اور کہاکہ وہ ہار گیا تو دوبارہ لندن بھاگ جائے گا،سپریم کورٹ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی دیکھنا چاہئے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو اٹھا کر ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کر دیا جاتا ہے، ویگو ڈالہ آتا ہے اور بندے کو اٹھا لیا جاتا ہے، پھر پتہ چلتا ہے اس کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو گیا، ہم سے پارٹی کا انتخابی نشان تک چھین لیا گیا اورپارٹی کی تمام قیادت کو اڑا دیا۔ عمران خان نے کہاکہ ہمارے امیدوار انتخابی مہم کیلئے بھی نکلیں تو ایف آئی آر کاٹ دی جاتی ہے، ان کی تمام توجہ تحریک انصاف کے خاتمے پر لگی ہے، قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ غلام بننا ہے یا آزاد، ہماری جنگ آزادی کی جنگ ہے، کیا ہم نے طاقتور کا غلام ہی رہنا ہے؟ جب تک زندہ رہوں گا، غلامی کے خلاف لڑتا رہوں گا۔
