اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ قرارداد پر انتخابات تاخیر سے کرانے سے معذرت کرلی اور کہاکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے تمام ضروری انتظامات کرلئے ہیں، 8 فروری کو الیکشن کے لیے سپریم کورٹ کو بھی یقین دہانی کر اچکے، ماضی میں عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن سردیوں میں ہوتے رہے ہیں، حقائق کو دیکھتے ہوئے عام انتخابات ملتوی کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو سینیٹ میں منظور ہونے والی قرارداد کے جواب میں مراسلہ ارسال کردیا جس میں کہا گیاکہ سینیٹ قرارداد سے متعلق کمیشن کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے، صدر مملکت کی مشاورت سے عام انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ رکھی، امن و امان کی بحالی کے لیے نگران حکومتوں کو ہدایت جاری کیں اور سکیورٹی بہتر اور ووٹرز کو سازگار ماحول فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔
