لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی دارلحکومت کے بڑے ہسپتالوں میں سے میو ہسپتال کے اندر ڈکیتی کی مبینہ واردات ہوئی ہے جس دوران ڈکیت دو کروڑ روپے کا سونا لوٹ کر لے گئے جس کا تھانہ گوالمنڈی میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔ مقدمہ کے متن میں عبدالرزاق نامی شخص نے بتایا کہ وہ تاجر ہیں اور اوکاڑہ سے سونا خریدنے لاہور آیا، گاڑی میو ہسپتال کی پارکنگ میں کھڑی کی اور رکشے کے ذریعے شاہ عالم مارکیٹ پہنچ کر سونا خرید ا، واپس بھی رکشہ کی سہولت لی اور میو ہسپتال کے اندر پہنچا ہی تھا کہ دو موٹرسائیکل سوار مسلح افراد آگئے جو اسلحہ کے زور پر سونا لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، اگر ایسا ہوا ہے تو سیف سٹی کی بھی مدد لی جائے گی اور ملزما ن کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ۔
