اسلام آ باد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کے گھر پر اسلام آباد پولیس نے چھاپا مارا ہے جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا اور عدالتی حکم پر آئی جی اسلام آباد بھی ان کے گھرپہنچے ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپہ غلط فہمی کی بنیاد پر ماراگیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے انتخابی نشان کی بحالی کیخلاف اپیل پر سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خبرآئی ہے میرے گھر4 گاڑیاں گئی ہیں، میرے بھتیجے اور فیملی کومارا گیا ہے ، چھاپہ مارنے آئے اہلکار سارے کاغذات لیکر چلے گئے، ساتھ ہی لیپ ٹاپ اور ضروری دستاویزات لے کر گئے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ بیرسٹر گوہر کے گھر پر چھاپہ غلط فہمی کی بنا پر مارا گیا، اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے تھے، بیرسٹر گوہر کا گھر معلوم ہونے پر پولیس بغیر کوئی کارروائی واپس آئی، پولیس نہ کسی کو مارا گیا نہ کوئی دستاویزات لی گئیں۔
