اسلام آباد(کاشف میر سے) محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر کے سیکرٹری سردار انصر یعقوب خان نے ڈائریکٹر اطلاعات شاہد کھوکھر کو بھمبر جیل کا بغیر محکمانہ اجازت و خلاف قوائد دورہ کرنے، پولیس سے سلامی لینے اور خود کو جعلسازی سے ڈائریکٹر جنرل لکھوانے کے معاملے پر شو کاز نوٹس جاری کردیا، سیکرٹریٹ اطلاعات سے ڈائریکٹر شاہد کھوکھر کے نام جاری شو کاز نوٹس میں آزادجموں کشمیر سول سرونٹس ( ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 1977 کے تحت تادیبی کاروائی کرنے کا عندیہ دے دیا گیا،

شو کاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کی طرف سے بھمبر دورے کی جو منظوری لی گئی اس میں جیل کا دورہ شامل نہیں تھا، آپ نے خلاف قوائد جیل کا دورہ کیا، پولیس سے سلامی لی اور اس کی تشہیر پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کروائی، آپ ڈائریکٹر اطلاعات ہیں لیکن آپ خود کو ڈائریکٹر جنرل اطلاعات لکھواتے ہیں جبکہ اس محکمہ میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات کی کوئی اسامی ہی موجود نہیں ہے۔ آپ کے یہ اقدامات ملازمت قوائد کے خلاف ہیں بلکہ مس کنڈیکٹ کے زمرے میں آتے ہیں۔ لہذا ایک دن میں زو کاز نوٹس کا جواب دیں۔