اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کے استعفے کی خبروں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی وضاحت بھی آگئی ہے اور ان کاکہناتھاکہ عمر حمیدکورونا کے باعث رخصت پر ہیں،ان کے استعفے سے متعلق کوئی اپڈیٹ نہیں۔
میڈیا پر سیکریٹری کے مستعفی ہونے کی خبریں نشر ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایاکہ عمر حمید ایک ذہین اور محنتی افسر ہیں جوکہ بہت اچھے طریقے سے کام کر رہے ہیں، ان کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی اور اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں،عمر حمید کی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایاکہ تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں اور سیکریٹری کی غیرموجودگی میں دونوں اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔
