ملتان(نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلزپارٹی نے پنجاب سے زیادہ سے زیادہ نشستیں لینے کے لیے کاوشیں شروع کردی ہیں اور اسی سلسلے میں سابق صدر خصوصی طیارے پر جنوبی پنجاب پہنچ گئے ہیں جہاں اہم شخصیت پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کرے گی۔ پاکستان ٹائم کے مطابق آصف علی زرداری دیگر 10 رہنمائوں کیساتھ لاہور سے سپیشل طیارے کے ذریعے ملتان پہنچےجہاں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود نے استقبال کیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری ملتان میں جنوبی پنجاب کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کریں گے اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے، ڈی جی خان میں قبائلی سرداروں سے ملاقات بھی کریں گے۔ ذرائع کا بتانا تھاکہ سابق صدر کا دورہ علی پورمظفرگڑھ بھی متوقع ہے،اس موقع پر وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی باقاعدہ طور پر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گےجس کے بعد وہ حامد سعید کاظمی کی انتخابی مہم کا افتتاح بھی کریں گے۔
