اسلا م آباد (بزنس ڈیسک) گدو پلانٹ کی مرمتی کے بعد بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے اور اب اس کی ممکنہ مگر نئی وجہ بھی سامنے آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی پن بجلی سے پیداوار میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، جس کے باعث ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے،پاکستان میں مجموعی طور پر بجلی کی طلب 14ہزار 400میگاواٹ ہےجبکہ پیداوار صرف 8ہزار 100میگاواٹ رہ گئی ہے، طلب و رسد کے اس فرق کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے دیہی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے جبکہ ہائی لاسزعلاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے تک پہنچ چکا ہے ۔
