سرتاج عزیز سپرد خاک،نماز جنازہ میں کون کون شامل تھا؟جانئے

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ سرتاج عزیز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، مرحوم کی تدفین اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں کی گئی۔دوسری طرف سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سرتاج عزیز کی وفات سے دِل بہت رنجیدہ ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق تحریک پاکستان کے کارکن،بزرگ سیاستدان و سابق وفاقی وزیر سرتاج عزیز کی تدفین اسلام آباد میں کر دی گئی،اس سے قبل نماز جنازہ ایچ ایٹ قبرستان میں ادا کی گئی۔نمازجنازہ میں سرتاج عزیز کے اہل خانہ، عزیز و اقارب کے علاوہ سیاستدانوں و سیاسی کارکنوں اور سفارت کاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔نمازجنازہ میں شرکت کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے چیرمین راجہ ظفر الحق،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،ڈاکٹر طارق فضل،فرحت اللہ بابر،اعجازالحق،سردار مہتاب خان،لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقیوم،زبیر قصوری،چوہدری تنویر حسین،شکیل اعوان سمیت دیگر لیگی رہنما بھی شامل تھے۔سابق وفاقی وزیر سرتاج عزیز مرحوم کی رسم قل اور دعا کل 3 بجے چک شہزاد فارم ہاوس پر ہو گی۔یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز 95 برس کی عمر میں گذشتہ روز انتقال کر گئے تھے،ان کے انتقال کی تصدیق احسن اقبال نے کی تھی۔دوسری طرف سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کی وفات سے دِل بہت رنجیدہ ہے،مرحوم تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور قوم کا اثاثہ تھے،وہ روز اوّل سے مسلم لیگ کے ساتھ منسلک رہے،وہ مسلم لیگ کے بہت با وفا اور با اعتماد رکن تھے،زندگی کے بیشتر حصے اور قومی ذمہ داریوں میں ان کا ساتھ رہا،دکھ کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں، اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ سرتاج عزیز کے انتقال کی خبر سن کر دِلی دکھ ہوا،انہوں نے اپنی پوری زندگی بے لوث لگن اور محنت کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی،پاکستان مسلم لیگ کیلئے انکی خدمات نا قابل فراموش ہیں،اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور تمام اہل تعلق کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں