پشاور (عدالتی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے بلے کے انتخابی نشان سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظرثانی اپیل پر دلائل مکمل ہونے کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز خان نے الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی جس دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر مہمند نے دلائل کا آغاز کیا توعدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ نے کوئی ایسا آرڈر دیا کہ کیا ایک ہائی کورٹ کا حکم پورے ملک کیلئے ہوتا ہے، اخبار میں پڑھا تھا، کیا ایسے کوئی حکم ہے بھی؟سکندر مہمند نے کہا کہ بالکل، سپریم کورٹ نے آر اوز سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کیس کا بنیادی فریق ہے، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سنا جو صوبائی و وفاقی حکومت کے نمائندے ہیں،جسٹس اعجاز خان نے استفسار کیا کہ کیس میں اصل درخواست گزار کہاں ہے؟جسٹس اعجاز خان نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں ہم فیصلہ نہیں کر سکتے، 9جنوری کو کیس ڈویژن بنچ کیلئے لگا ہے ،وکیل الیکشن کمیشن سکندر مہمند نے کہا کہ میں نہیں کہہ رہا ہے کہ کوئی فیصلہ دیا جائے، صرف معطلی کا فیصلہ واپس لیا جائے، پھر ڈویژن بنچ کے سامنے کیس پر دلائل دیں گے۔دریں اثنا دلائل کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
