کراچی(بزنس ڈیسک)سال نو کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا اور1568پوائنٹس کی تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں 63اور 64ہزار کی دو نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں اور پاکستانیوں نے کروڑوں روپے کمالیے، 100انڈیکس بڑھ کر 64019پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سال 2023میں ہنڈریڈ انڈیکس کا پہلا ریکارڈ 30اکتوبر کو 51482پوائنٹس کے ساتھ قائم ہوا جسکے بعد آئی ایم ایف حکام کا پاکستان کی معیشت کا جائزہ مکمل ہونے اور اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پانے کے باعث 29نومبر کو ہنڈریڈ انڈیکس 60502پوائنٹس کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور بعدازاں 12دسمبر کو ہنڈریڈ انڈیکس 66426پوائنٹس کے ساتھ نئی بلند ترین سطح پر بھی آگیا تھا۔ کلینڈر سال 2023کے اختتامی کاروباری سیشن جمعہ 29دسمبر تک سالانہ بنیادوں پر ہنڈریڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 22030.59پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اس طرح سے سال 2023کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس مجموعی طور پر 54.50فیصد کے اضافے سے 62451.040پوائنٹس کی سطح پر بند ہواتھا۔
