پشاور(بیورورپورٹ)قومی احتساب بیورو(نیب )خیبرپختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت سابق صوبائی وزرا شہرام خان ترکئی اور عاطف خان کو طلب کر لیا ہے۔
نیب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پی ٹی آئی کے 2 سابق وزرا شہرام ترکئی اور عاطف خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 جنوری کو طلب کیا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق وزرا اور سابق سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف مردان صوابی روڈ کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئیں۔اعلامیے کے مطابق عاطف خان کے خلاف سپورٹس اینڈ ٹور ازم کے پراجیکٹس میں وسیع پیمانے پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایات ہیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب نے متعلقہ شکایات پر باقاعدہ تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے۔
